لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب نے میواسپتال لاہور میں سرجیکل ٹاورکا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ایک صوبہ بہت آگے جارہاہے، باقی صوبے پیچھے رہ گئے ہیں، کے پی میں عمران خان نے اسپتالوں کا بیڑہ غرق کردیا۔ ،
تفصیلات کے مطابق آج بروز جمعہ وزیراعلیٰ پنجاب نےمیو اسپتال میں چھ منزلہ سرجیکل ٹاور کا افتتاح کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شوکت خانم بنانے والوں نے کے پی میں ایک بھی اسپتال نہیں بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کا احترام ہم سب پر لازم ہے، ان کی رائے مطابق اقدامات کرنے چاہیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میو اسپتال کے معیار کو مستقبل میں مزید بہتر بنائیں گے۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت لیڈی ریڈنگ اور حیات آباد اسپتال کو بہتر کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لی، انہوں نے خلق خدا کو خدا کے حوالے کردیا ہے۔ نیازی خان تو اسپتالوں کے دعوے کیا کرتے تھے ، لیکن کےپی میں انہوں نے اسپتالوں کا بیڑہ غرق کردیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کے پی میں کام ہوتا تو الیکشن میں صحت مندمقابلہ ہوتا، سوات میں سیلاب کے بعد ٹرسٹ اسپتال ہم نے بنایا، آج ایک صوبہ بہت آگے جا رہا ہے باقی بہت پیچھےہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف جب افتتاح کے لیے سرجیکل ٹاور پہنچے تو مین گیٹ پر ان کے استقبال میں پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی، اس موقع پر وزیرِ صحت سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت نجم شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیر اعلیٰ کی آمد کے موقع پر پولیس او روارڈنز نے اسپتال کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا تھا ، اس موقع پر کچھ وہیل چیئر پر موجود مریضوں کو بھی اسپتال سے باہر نکال دیا گیا۔ ان مریضوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ پروٹوکول کے عملے نے آگ سے جھلسے ہوئے مریضو ں کو بھی باہر نکالا جن کا دھوپ میں جانا جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔ لواحقین نے الزام عائد کیا کہ اندر صرف ان مریضوں کو رکھا گیا ہے جو وزیراعلیٰ کی آمد پر ’سب اچھا ہے‘ کہیں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں