آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا دوسرا میچ جمعرات 12 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا میچ سے قبل قومی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے آئی لینڈر سے متعلق بڑا دعویٰ کیا ہے۔
کرکٹ کے سب سے بڑے میلے میں پاکستان کمزور حریف نیدر لینڈ کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کر چکا ہے تاہم آگے گرین شرٹس نے مضبوط ٹیمیں سے میچز کھیلنا ہیں جن میں سے ایک بڑا میچ حیدرآباد دکن میں جمعرات 12 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلا جائے گا۔
حالیہ ایشیا کپ میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد یہ میچ پاکستان کے لیے بہت اہمیت اختیار کر گیا ہے تاہم اس اہم میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے سری لنکا سے متعلق بڑا دعویٰ کیا ہے۔
مکی آرتھر نے غیر ملکی نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سری لنکا کی طاقت اور کمزوری دنوں سے اچھی طرح واقف ہیں اور ٹیم کی خوبیوں اور خامیوں کو اندر سے جانتے ہیں کیونکہ وہ ماضی میں آئی لینڈرز کے بھی کوچ رہ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا ایک خطرناک حریف ہے جس کو شکست دینے کے لیے ہمیں اپنی پوری کوشش کرنا ہوگی، اسی لیے ہم حریف کی خوبیوں اور خامیوں کو مدنظر رکھ کر اپنے اگلے میچ کی منصوبہ بندی کریں گے۔