کراچی: رہنما پاکستان پیپلز پارٹی ناصر حسین شاہ نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی کو اپنی کوتاہیوں پر توبہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔
سابق صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ چاہتے ہیں پی ٹی آئی انتخابات میں حصہ لیں لیکن اس کیلیے سابق وزیر اعظم اپنا طرز سیاست تبدیل کریں اور اپنی کوتاہیوں پر توبہ کریں۔
ناصر حسین شاہ نے مطالبہ کیا کہ 9 مئی میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق فیصلہ ہونا چاہیے۔
اپنے بیان میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی پی ٹی آئی کے ووٹ تقسیم کر سکتی ہے، استحکام پاکستان پارٹی کا ابھی کوئی مستقبل نظر نہیں آ رہا ہے، چاہتے ہیں پی ٹی آئی انتخابات میں حصہ لے۔
انہوں نے کہا کہ پی پی نے ہمیشہ بزنس کمیونٹی کا ساتھ دیا اور بزنس کمیونٹی بھی ساتھ دے، پیپلز پارٹی بھتہ نہیں مانگتی نہ پرچی کی سیاست کرتی ہے، چاروں صوبوں میں پیپلز پارٹی کی پوزیشن اچھی ہے، قومی اسمبلی کی سب سے بڑی جماعت پیپلز پارٹی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تارکین وطن کو باعزت واپس بھیجا جائے، پوری دنیا میں گرین پاسپورٹ افغان باشندوں کی وجہ سے بدنام ہوا، آج بھی دس ہزار کے قریب لوگ روز پاکستان آ رہے ہیں۔