کراچی: کرونا سے متاثر ہونے والے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی انتقال کرگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق راشد ربانی کے اہل خانہ نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کرونا سے متاثر ہوئے تھے اور گزشتہ کئی روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
ڈاکٹرز نے انہیں سانس لینے میں دشواری کے باعث دو روز قبل وینٹی لیٹر پر منتقل کیا تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا اظہارِ تعزیت
راشد ربانی کے انتقال پر مراد علی شاہ سمیت پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تعزیتی بیان میں اہل خانہ سے تعزیت اور اُن کے صبر کے لیے دعا بھی کی۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ’راشدربانی جیسی شخصیت کے انتقال سے سےآج عوام جمہوریت پسند رہنما سے محروم ہوگئے‘۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا اظہارِ تعزیت
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تعزیتی بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے راشد ربانی کو خراج تحسین پیش کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ راشدربانی پارٹی کاسرمایہ تھے، وہ آخری سانس تک اپنے نظریے کے وفادار رہے۔
سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے چیئرمین کا اظہار تعزیت
سابق صدر اور پی پی پی چیئرمین آصف علی زرداری نے راشد ربانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ پارٹی کا بہت بڑا سرمایہ تھے، جمہوریت کیلئےراشد ربانی کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ سابق صدر نے راشد ربانی کے اہل خانہ سے دکھ اور دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
مزید پڑھیں: کرونا کے وار، وزیراعلیٰ بلوچستان متاثر، پی پی کے دو سینیٹرز وینٹی لیٹر پر منتقل
یاد رہے کہ کرونا سے متاثر ہونے والے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر جام مدد علی خان اور راشد ربانی کو طبیعت ناسازی کے بعد دو روز قبل وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا، دونوں کئی روز سے اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
زیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی اور سابق رکن صوبائی اسمبلی جام مدد علی کو چند روز قبل کرونا کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔ طبیعت ناساز ہونے کے بعد اہل خانہ نے انہیں کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا جہاں سانس لینے میں دقت کی وجہ سے ڈاکٹر نے انہیں آج وینٹی لیٹر پر منتقل کیا۔
سیاسی جماعتوں کے قائدین کا اظہار تعزیت
تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی آفتاب احمد صدیقی نے راشد ربانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’راشد ربانی کے انتقال کی خبر سُن کر دلی افسوس ہوا، راشد ربانی کا شمار سندھ کے نامور سیاستدانوں میں ہوتا تھا، مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا گو ہیں، اللہ تعالیٰ راشد ربانی کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
ایم کیو ایم کے رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری نے راشد ربانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی وفات سے سیاست کا ایک اہم باب بند ہوگیا۔
سندھ میں کرونا کی صورت حال
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے میں کرونا سے مزید 2 مریض انتقال کرگئے جبکہ 252 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 193 مریض کرونا سے صحت یاب بھی ہوئے۔ صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 41 ہزار 249 جبکہ اموات کی تعداد 2 ہزار 568 تک پہنچ گئی۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس وقت 4837 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے4600 مریض گھروں میں،5 آئسولیشن سینٹرز میں اور 232 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کی دوسری لہر، پنجاب کے 2 وزرا کورونا وائرس کا شکار
انہوں نے کہا کہ 177 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے 20 مریضوں کو وینٹی لیٹرز پرمنتقل کیاگیا ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 179 کراچی سے سامنے آئے، جن میں سے ضلع شرقی میں 56، ضلع جنوبی میں 47، ضلع کورنگی میں 39، ضلع وسطی میں 23۔ ضلع ملیر میں 8 اور ضلع غربی میں 6 نئے کیسز سامنے آئے۔
اسی طرح حیدرآباد10، بدین 6، دادو5، خیرپور4، جامشورو3، لاڑکانہ، جیکب آباد، شہید بینظیرآباد، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں سے2-2 جبکہ کشمور، نوشہرو فیروز، شکارپور اور ٹنڈوالہیار میں 1-1 نئے کیسز سامنے آئے۔