لاہور : گریجویشن اور ماسٹرز کی سطح پر امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا گیا ، پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بی اے، بی ایس سی پارٹ ٹو کے امتحانات 22 جولائی اور ایم اے، ایم ایس سی کے امتحانات 7 ستمبر سے شروع ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی نے گریجویشن اور ماسٹرز کی سطح پر امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا، ترجمان کا کہنا ہے کہ بی اے، بی ایس سی پارٹ ٹو کے امتحانات 22 جولائی سے شروع ہوں گے۔ ایم اے، ایم ایس سی، بی کام پارٹ ٹو کے امتحانات 7 ستمبر سے شروع ہوں گے۔
پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق پارٹ ٹو کا امتحان دینے والے امیدوار روایتی اور ایم سی کیو بیسڈ آن لائن امتحان دینے کی تیاری کریں۔ 15 جولائی کے بعد یونیورسٹی کھلی تو پارٹ ٹو کے امتحانات روایتی انداز میں ہو ں گے۔
ترجمان نے کہا کہ 15 جولائی کے بعد یونیورسٹی بند رہنے پر پارٹ ٹو کا امتحان آن لائن ایم سی کیو بیسڈ ہو گا، کسی وجہ سے آن لائن امتحانات نہ دینے والوں کو یونیورسٹی کھلنے پر روایتی امتحان دینے کا موقع فراہم کریں گے، راویتی امتحان لینے کافیصلہ حکومتی اجازت سے مشروط ہو گا۔
پنجاب یونیورسٹی کے مطابق بی اے بی ایس سی، ایسوسی ایٹ ڈگری ان آرٹس/سائنس پارٹ ون کے سالانہ امتحانات یکم اکتوبر سے ہوں گے۔ ایم اے، ایم ایس سی، بی کام، ایسوسی ایٹ ڈگری ان کامرس پارٹ ون کے امتحانات 2 نومبر سے شروع ہوں گے، پارٹ ون کے امتحانات روایتی انداز میں منعقد تاہم حکومتی اجازت سے مشروط ہوں گے۔
پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ امیدوار مزید تفصیلات کے لئے ویب سائٹ پر رجوع کریں۔