سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے باوجود وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ یہ جتنا زور لگا لیں 14 مئی کو الیکشن نہیں ہوں گے۔
فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک میں الیکشن ایک ساتھ ہوں گے، الیکشن نگراں حکومت کے ہوتے ہوئے اور اسی سال ہوں گے، ان لوگوں نے 4 سال میں ایسی پالیسیاں بنائیں کہ معیشت تباہ ہوگئی، عمران خان نے آئی ایم ایف سے متعلق کہتا تھا کہ خودکشی کر لوں گا مگر ان کے پاس نہیں جاؤں، یہ سب کچھ آئی ایم ایف کی وجہ سے ہو رہا ہے اس نے کہا کہ پیٹرول، بجلی اور گیس پر سبسڈی ختم کریں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف نے انڈیا کے جواب میں ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو سرخرو کیا، ملک جن بحرانوں سے گزر رہا ہے اگر ایٹمی طاقت نہ ہوتے تو بھارت ہمیں کھا چکا ہوتا، ایٹمی دھماکوں کے بعد دنیا نے بائیکاٹ کیا پر نواز شریف نے ملک کو بحران سے نکالا۔
انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت جب ختم ہوئی اُس وقت آٹا، چینی اور پیٹرول کی قیمت کم تھی، ہماری حکومت نے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کو ختم کیا، اس فتنے کو ایک سازش کے تحت اس ملک پر مسلط کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے والوں کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کی جمہوریت ابھی اتنی مضبوط نہیں ہوئی کہ اپوزیشن حلقوں میں بھی کام ہوں، مسلم لیگ (ن) نے ہر دور میں حلقے کے عوام کی خدمت کی، حلقے کے عوام نے ہر بار مجھ پر بھرپور اعتماد کیا، حکومت میں آنے کے بعد اپنے حلقے کے تمام ترقیاتی کام کیے۔