سعودی محکمہ شہری دفاع نے مملکت کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے، جبکہ شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ سعودی شہری محفوظ مقامات تک خود کو محفوظ رکھیں، بارش یا سیلاب سے جمع ہونے والے پانی سے دور رہیں۔
محکمہ موسمیات کے قومی مرکز نے پیر سے جمعے تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
طائف، میسان، اضم اور العرضیات میں گرد آلود تیز ہواؤں کا سلسلہ جمعے تک جاری رہنے کا امکان ہے، مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانے درجے سے موسلا دھار تک بارش اور ژالہ باری کے امکانات ہیں۔ جبکہ سیلاب کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
مکہ مکرمہ شہر، الجموم، الکامل کے علاوہ مدینہ منورہ، شمالی حدود، الجوف، تبوک اور حائل ریجنوں میں گرد آلود تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی سے درمیانے درجے تک کی بارش ہوسکتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عسیر، جازان اور باحہ ریجن بھی گرد آلود ہواؤں کے علاوہ موسلا دھار بارش کی زد میں ہوں گے۔