بھاری شہر چھتیس گڑھ کے سینما میں غلطی سے ’اوپن ہائیمر‘ کی اسکریننگ کے دوران فلم ’باربی‘ کے سب ٹائٹلز دکھا دیے گئے جس نے ’’باربن ہائیمر‘‘ کے نام سے بنائی گئی کلپ کو حقیقت میں بدل ڈالا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شائقین کرسٹوفر نولان کی دھوم مچانے والی فلم ’اوپن ہائیمر‘ دیکھنے سینما آئے تھے لیکن انھوں نے ایک ٹکٹ میں دو مزے حاصل کرنے کا نادر موقع ہاتھ آیا۔
کچھ دنوں قبل ایک یو ٹیوبر نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے کرسٹوفر نولان کی ’’اوپن ہائیمر‘‘ اور گریٹا گیروِگ کی ’’باربی‘‘ کو ضم کرتے ہوئے ’’باربن ہائیمر‘‘ کے نام سے ایک کلپ بھی بنائی تھی جو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ چھتیس گڑھ کے فلم تھیٹر میں سچ ثابت ہو گیا، ایک صارف نے اس واقعے کی اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعے دی جو کچھ ہی گھنٹوں میں انٹرنیٹ پر پھیل گئی۔
صارف نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا کہ بھارتی شہر میں جب اسکرین پر فلم اوپن ہائیمر چل رہی تھی تو تھیٹر نے غلطی سے باربی کے سب ٹائٹلز دکھائے۔
انٹرنیٹ صارفین نے فوراً ہی اس پر ٹرولنگ شروع کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح ’’باربن ہائمیر‘‘ حقیقی نکلا، کچھ صارفین نے آرا دی کہ ایسا صرف بھارت میں ہی ہو سکتا ہے، جب کہ چند لوگوں نے کہا کہ بھارتی ’باربین ہائیمر‘ کو اگلے درجے تک لے گئے ہیں۔