بدھ, جنوری 1, 2025
اشتہار

پاکستان میں گاڑیوں پر سدھو موسے والا کے اسٹیکر

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا پاکستان میں بھی مقبولیت رکھتے ہیں، ان کی موت کے بعد پاکستان میں ان کے مداحوں نے کاروں اور ٹرکوں پر اسٹیکر اور پینٹ کروانا شروع کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مقتول انڈین پنجابی گلوکار سدھو موسے والا پاکستان میں بھی کار اسٹکرز کا مقبول موضوع بن گئے ہیں، بھارتی مداحوں کی طرح پاکستانی مداح بھی مختلف طور سے انھیں یاد کر رہے ہیں۔

پنجاب کے شہر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ایک آٹو ڈیکوریٹر نے متعدد گاڑیوں پر سِدھو موسے والا کے اسٹکر لگا کر ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر شئیر کی ہیں۔

- Advertisement -

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسی تصاویر سامنے آئی ہیں جن میں سدھو موسے والا کو لیجنڈ قرار دیا جا رہا ہے، رانا حسن نامی شہری نے اپنے پسندیدہ سنگر کی یاد منانے کے لیے کار پر ان کی تصاویر کے اسٹکر چسپاں کیے۔

پاکستانی ٹویٹر صارفین کی جانب سے مختلف تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیے جا رہی ہیں، جن میں فنکار کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے، ٹویٹر پر افی کے ہینڈل سے ایک ویڈیو شئیر کی گئی جس میں ٹرک کے پیچھے سدھو موسے والا کی تصویر بنی ہوئی ہے۔

اس ٹویٹ پر فریحہ نے لکھا کہ سدھو تو فوت ہوگیا ہے لیکن پنجابیوں کو ایک کر گیا ہے، پہلی بار لگا کہ بارڈر ہیں ہی نہیں، کسی بارڈر سے کوئی فرق نہیں پڑتا، کومل ڈھلوں نے موسے والا کو ’لیجنڈ‘ قرار دیا، اس سے قبل پاکستان کے شہر اوکاڑہ میں سدھو موسے والا کے مداحوں نے ان کے قتل پر مذمتی پوسٹر لگایا تھا۔

خیال رہے کہ انڈین پنجاب کی فلم اور میوزک انڈسٹری کے لیے پاکستان بڑی مارکیٹ مانا جاتا ہے، جہاں پنجابی فلمیں اور گانوں کے شائقین کی خاصی بڑی تعداد ہے، ایک کنسرٹ میں موسے والا نے خود سے پاکستانی فینز کے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد پاکستان آئیں گے اور پہلے لاہور پھر اسلام آباد جائیں گے، لیکن ان کا یہ خواب پورا نہ ہو سکا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں