بدھ, فروری 12, 2025
اشتہار

سکھر بیراج کے 2 گیٹ ناکارہ ہو گئے، سیلاب کے دوران گیٹ کھل نہ سکے

اشتہار

حیرت انگیز

سکھر: سکھر بیراج کے 2 گیٹ ناکارہ ہو گئے ہیں، بڑے سیلاب کے دوران گیٹ ہی کھل نہ سکے۔

تفصیلات کے مطابق سکھر بیراج کے 2 گیٹ ناکارہ ہو گئے ہیں، گیٹ نمبر 4 اور گیٹ نمبر 6 کوششوں کے باوجود کھل نہ سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گیٹ نہ کھلنے پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آنے کی صورت میں بڑا نقصان ہو سکتا تھا، اور گیٹ بند ہونے کے باعث پانی کے اخراج میں دشواری کا سامنا ہوا۔

بیراج کے تمام دروازے خستہ حالی کا شکار ہیں، دو سال سے بیراج کے دروازوں کی تبدیلی کا عمل جاری ہے، اور صرف ایک دروازے کو تبدیل کیا جا سکا ہے۔

ادھر دادو میں سیلابی پانی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، دادو، میہڑ اور جوہی شہر کو شدید خطرہ برقرار ہے، رنگ بند پر پانی میں اضافے کے بعد دباؤ بڑھ گیا ہے، ایم این وی ڈرین میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا۔

ایم این وی ڈرین میں چھنڈن موری کے قریب پشتے میں سیلابی پانی کا رساؤ ہو رہا ہے، پشتے پر کام کرنے والے علاقہ مکینوں نے دادو کے شہریوں کو باہر نکلنے کی اپیل کی ہے۔

جوہی شہر کے اطراف میں بھی پانی میں اضافہ ہو رہا ہے، شہری رنگ بند کو مضبوط بنا رہے ہیں، شہری اور پولیس جوان مٹی کی بوریاں ڈالنے میں مصروف ہیں۔

ادھر متاثرین نے دہائی دی ہے کہ بچے پانی میں پھنسے ہوئے ہیں، لیکن کشتی والے کرایہ 500 سے 600 روپے مانگ رہے ہیں۔

کوٹری بیراج پر بھی پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، بیراج پر پانی کی سطح 6 لاکھ کیوسک سے اوپر ہو گئی ہے، پانی کی آمد 6 لاکھ 8 ہزار 147 کیوسک ہے، جب کہ ڈاؤن اسٹریم میں پانی کا اخراج 5 لاکھ 84 ہزار 272 کیوسک ہے۔

کوٹری بیراج سے اس وقت اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، سیلابی ریلے سے کوٹری کے علاقے خانپور اور کاروکھو زیر آب آ گئے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں