اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، ڈی چوک پر احتجاج ہمارا آئینی اور بنیادی حق ہے۔
سپریم کورٹ میں ممکنہ ماورائے آئین اقدام کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف آئین کی مکمل بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کنٹینرز ہٹانے کا اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ تحریکِ انصاف کے مؤقف کی تائید ہے، تحریکِ انصاف کےرہنما کا مزید کہنا تھا کہ احتجاج کرنا ان کا بنیادی اور آئینی حق ہے۔
واضح رہے کہ دو ہزار تیرہ کے الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف پاکستان تحریک ِ انصاف اورپاکستان عوامی تحریک گذشتہ ستائیس دن سے اسلام آباد میں دھرنا دئے بیٹھے ہیں۔