اسلام آباد: امام بارگاہ قصر سکینہ پر خودکش حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے امام بارگاہ قصر سیکنہ پر ہونے والے خودکش دھماکہ کا مقدمہ شہزاد ٹاون تھانے میں درج کرلیا گیا، مقدمہ امام بارگاہ کے متولی زین العابدین کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے ۔
مقدمے میں انسداد دہشتگردی، قتل ،اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، امام بارگاہ حملے کے بعد شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے ۔
پولیس نے غوری ٹاون، اقبال ٹاون سمیت دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے پندرہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے، جن کے قبضے سے اسلحہ بھی بر آمد ہوا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شکریال روڈ پر واقع امام بارگاہ امام بارگاہ قصر سکینہ میں دھماکہ اور فائرنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جان بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔
خودکش حملہ آور نے امام بارگاہ میں گھسنے کی کوشش کی تاہم وہاں موجود گارڈ نے جان پر کھیلتے ہوئے حملہ آور کو گیٹ پر ہی روک لیا جس پر خودکش حملہ آور نے وہیں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔