اسلام آباد: بارہ اپریل سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کا آخری دن ہوگا، بارہ اپریل رات بارہ بجے سے تصدیق نہ ہو پانے والی سمز بند کر دی جائیں گی۔
چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ کا موبائل کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ سات کروڑ پانچ لاکھ سموں کی بائیو میٹرک تصدیق مکمل ہوچکی ہے جبکہ ایک کروڑ دس لاکھ سمیں بلاک کر دی گئی ہیں، سموں کی تصدیق کا تیسرا اور آخری مرحلہ بارہ اپریل کو ختم ہو جائے گا ۔
چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ بند ہونے والی سمز بھی چھ ماہ تک کسی کو نہیں دی جاسکیں گی اور اگر اس دوران کوئی بائیومیٹرک تصدیق کروا کر سم حاصل کرناچاہیئے تو کر سکتا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ثبوت فراہم کرکے اپنی سم اپنے کسی رشتہ دار کے نام منتقل کر سکتے ہیں یا سم بند ہونے کے بعد ایک سال کے عرصہ کے دوران بائیو میٹرک تصدیق کروا کر دوبارہ سم حاصل کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے بتایا کہ پاکستان میں افغان سمز کی انٹرنیشنل رومنگ ختم کر دی گئی ہے۔
موبائل کمپنیوں کے سی ای اوز کا کہنا تھا کہ کمپنیاں اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے سموں کی بائیومیٹرک تصدیق کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس مقصد کیلئے اب تک مارکیٹ میں اسی ہزار بائیومیٹرک مشینیں دی جاچکی ہیں ۔
انھوں نے صارفین سے درخواست کی کہ وہ پریشانی سے بچنے کیلئے آخری تاریخ سے پہلے اپنی سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کروالیں۔