لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے الطاف حسین سمیت متحدہ کے دس رہنماؤں کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی سماعت کے لیے فل بنچ تشکیل دے دیا۔
الطاف حسین کے خلاف درخواست کی سماعت کے لیے قائم فل بنچ کی سربراہی جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کریں گے، بنچ کے دیگر ارکان میں مظہر اقبال سدھو اور جسٹس ارم سجاد گل شامل ہیں۔
درخواست گزار آفتاب ورک کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ الطاف حسین نے پاک فوج کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کرکے اسے بدنام کرنے کی کوشش کی ، ایسا اقدام بغاوت کے زمرے میں آتا ہے، ایم کیو ایم کے رہنماؤں فاروق ستار ،بابر غوری ،حیدر عباس رضوی اور رابطہ کمیٹی کے دیگر ارکان نے بھی الطاف حسین کی تقریر کی مکمل حمایت کی اور انہوں نے سیکیورٹی اداروں پر باربار مختلف الزامات بھی عائد کیے۔
لہذا عدالت الطاف حسین سمیت ایم کیو ایم کے دیگر دس رہنماؤں کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کےا حکامات جاری کرے۔
اس سے قبل ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے درخواست کی ابتدائی سماعت کے بعد فل بنچ تشکیل دینے کی سفارش کرتے ہوئے معاملہ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کو بھجوا دیا تھا۔