اسلام آباد : اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ الیکش کمیشن کے ممبران باعزت ہیں۔انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن رپورٹ آنے کے بعد اور بے قاعدگیوں کے تذکرے پر انہیں گھر جانا چاہیئے۔
ان خیالات کا اظہار اپوزیش لیڈر خورشید شاہ نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کیا،ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں بہت سی جگہوں میں مداخلت کر رہا ہے،جس کی وجہ سے ہندوستان پاکستان پر الزامات لگاتا ہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ الیکش کمیشن کے ارکان کو 8 لاکھ روپے ماہانہ مل رہے ہیں جنہیں چھوڑنا مشکل ہوگا۔ لیکن عزت کی قیمت زیادہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو وزارت عظمیٰ نہیں جمہوریت چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور حکومت کے تعلقات اچھے رہے ہیں حکومت ایم کیو ایم کو مین اسٹریم میں لائے۔
انہوں نے کہا کہ میں ایم کیو ایم کو کنویں میں ڈالنے کے حق میں نہیں ہوں، میں نہیں سمجھتا کہ نواز شریف عمران خان کو کنویں سے نکال کر لیڈر بنا دیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ کے خلاف نہیں جا ئے گی، تحریک انصاف کو پارلیمنٹ میں لانے میں حکومت اور اپوزیشن کا برابرکا کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پارلیمنٹ میں رہنا چاہیئے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے تعلقات اپوزیشن اور حکومت کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو اقتدار نہیں چاہتی۔