اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس میں مرکزی اورصوبائی دفاتر میں ریکارڈ روم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اجلاس میں عمران خان کو این اے 122 کے ریکارڈ تک رسائی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کی آج ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے کے گئے،کمیشن کے مرکزی اور صوبائی دفاتر میں ریکارڈ روم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، ریکارڈ روم میں انتخابات کے حوالے سے تمام سامان محفوظ رکھا جائے گا اس حوالے سے صوبائی سیکرٹریزکو ہدایت جاری کردیں گئیں ہیں۔
قائم مقام ڈی جی الیکشن کمیشن مسعود ملک اوردیگرحکام نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کی قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 122 کے ریکارڈ تک رسائی کی درخواست منظورکرلی گئی اور عمران خان کو ریکارڈ تک رسائی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،حکام کامزید کہنا تھا کہ عام انتخابات کے لئے نئی حلقہ بندیاں اور مردم شماری کرنا ہوگی۔