امریکا میں انتہائی سرد موسم نے معمول کی زندگی کو مفلوج کردیا، برفانی ہواؤں اور برفباری لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
امریکا کی نصف آبادی ان دنوں برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہے، رگوں میں خون جما دینے والی سردی نے لوگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل کردیا ہے، الاباما، جارجیا، مشی گن، نیویارک اور اوہایو سمیت پچاس ریاستوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے گرگیا۔
مختلف یاستوں میں تعلیمی ادارے اور دفاتربند کردئیے گئے ہیں، ایمرجنسی نافذ کرکے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، طوفانی ہواؤں اور برفباری سے چار ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں، ریلوے ٹریک پر بھی برف جمنے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت میں آئندہ ہفتے سے کمی آنا شروع ہوگی، کینیڈا کے مختلف شہروں میں بھی منفی درجہ حرارت نے لوگوں کے لئے معمولات زندگی جاری رکھنا مشکل بنا دیا، انٹاریو میں درجہ حرارت منفی تیس تک ریکارڈ کیا گیا۔