ڈھاکہ: پاکستان ٹیم نے فاسٹ بولر وھاب ریاض کے بغیر پریکٹس کی، سعید اجمل کا کہنا ہے کہ انہیں پلان کے مطابق ٹیسٹ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
پاکستان ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ سے قبل میر پور اسٹیڈیم میں پریکٹس کی، فاسٹ بولر وھاب ریاض نے آرام کیا اور ٹیم مینجمینٹ کے مطابق وھاب کل پریکٹس کریں گے جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں بھی آف اسپنر سعید اجمل کو شامل نہیں کیا جائیگا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعید اجمل کا کہنا تھا کہ انکو نہ کھلانا پلان کے مطابق ہے اور اس پر انہیں کوئی غم نہیں ہے، وہ کوچ اور کپتان کی حکمت عملی سے مطمئن ہیں۔
سعید اجمل نے کہا کہ بولنگ ایکشن کی وجہ سے معطلی انکے لئے ٹارچر تھا لیکن انہیں کلیئر ہونے کے بعد بھی معلوم تھا کہ ابھی انکی مشکلات ختم نہیں ہوئیں۔
سعید اجمل کے مطابق چونکہ وہ سائیڈ آن ایکشن سے بولنگ کر رھے ہیں اسلئے ابھی انہیں بھرپور فارم میں آنے میں وقت لگے گا۔