اسلام آباد : انٹرمیڈیٹ کےسالانہ نتائج کااعلان کردیا گیا ، تمام پوزیشنز طالبات کے نام رہیں، گیارہویں میں کامیابی کا تناسب 96.24فیصد اور بارہویں کلاس میں 84 فیصد رہا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے انٹرمیڈیٹ کےسالانہ نتائج کا اعلان کردیا گیا ، نگران وزیر تعلیم مدد علی سندھی نےبٹن دباکرنتائج کااعلان کیا۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ نے بتایا کہ 42 روزمیں انٹرمیڈیٹ کےنتائج کااعلان کیا، گیارہویں کلاس میں کامیابی کا تناسب 96.24فیصد اور بارہویں کلاس میں کامیابی کا تناسب 84 فیصد رہا۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ کا کہنا تھا کہ پہلی بارگیارہویں اور بارہویں کے نتائج ایک ساتھ دیئے گئے، ہم نےدو سال ای مارکنگ بھی شروع کی، اس سال اسلامیات اور کمپیوٹرسائنس کی ای مارکنگ کی۔
انھوں نے مزید بتایا کہ اگلے سال کامیابی کیلئے کم سےکم شرح 40 فیصد ہوگی، میٹرک کےسیکنڈ اینیول امتحانات 13 ستمبرکو ہوں گے جبکہ انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحان 10اکتوبر سے شروع ہوں گے۔
فیڈرل بورڈ میں تمام گروپس میں تمام پوزیشنز طالبات کے نام رہے ، پری میڈیکل کی طالبہ ایشال شاہ نور فاطمہ نے 1075 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ہانیہ فاطمہ 1072 نمبر کے ساتھ دوسرے نمبر اور ردا ملک 1066 نمبر لے کر تیسرے نمبر پر رہیں۔
پری انجینئرنگ گروپ میں عشبہ فاطمہ نے 1069 نمبر لے کر پہلی ، عائشہ ظفر نے 1059 نمبر کے ساتھ دوسری اور زویا احمد نے 1054 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سائنس جنرل گروپ کی حرا عارف نے 1045 نمبرکےکرپہلی پوزیشن ، ماہ نور تارڑ 1054 نمبر لے کر دوسری پوزیشن اورعمارہ امین نے 1038 نمبر لے کر تیسری پوزیشن لی۔
نگران وفاقی وزیرتعلیم مدد علی سندھی نے فیڈرل بورڈمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجود چیلنجز سےنکلنے کیلئے تعلیم کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں، ہمارے پاس مختصروقت ہے لیکن کوشش کریں گے، ہماراموٹیو صرف کام ،کام اور کام ہے، ڈیلی ویجزاساتذہ کوبلا کر مسائل سنے ہیں، جلد کوئی حل نکالیں گے۔