واشنگٹن : اپوزیشن رہنما چوہدری اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ انیس سوننانوے میں فوجی عدالتوں کو کالعدم قرار دینے کی وجہ حالت امن تھی لیکن اگر پاکستان آج کسی جنگ کی کیفیت میں ہے تو سپریم کورٹ ان عدالتوں کو کسی اور زاویے سے دیکھے گی۔
واشنگٹن میں پاکستانی پارلیمانی وفد کی نمائندگی کیلئے آئے ہوئے اپوزیشن رہنما چوہدری اعتزاز احسن نے ورجینیا میں پاکستانی کمیونٹی سے طویل ملاقات کی اور قومی سیاست اور دیگر معاملات پر لوگوں کے جوابات دئیے۔
معروف قانون دان کے مطابق بین الاقوامی قوانین کے تحت جنگی حالات میں فوجی عدالتیں لگائی جاسکتی ہیں، اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن اگر چاہے تو چند دنوں میں معاملہ نمٹایا جاسکتا ہے۔ تھیلے امیدواروں کے سامنے کھولے جائیں۔
انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے عدالتی ٹرائل سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ پاکستانی پارلیمانی وفد کی امریکی نمائندگان سے ملاقاتیں مفید رہیں، امریکیوں کو مشورہ دیا ہے کہ پاکستان کا دورہ کرتے وقت جی ایچ کیو اور وزیر اعظم ہاؤس کے ساتھ ساتھ پاکستانی پارلیمنٹیریئنز سے بھی ملاقاتیں ضروری ہیں۔