کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ آئی جی کو تبدیل کرنا کسی بھی صوبے کے وزیراعلیٰ کا استحقاق ہے، سندھ کی جانب سے بھیجے گئے نام وفاق کو منظور نہیں ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وفاق نے سندھ حکومت کو نئے ناموں کے لیے درخواست کی ہے، بطور گورنرسندھ حکومت اور وفاق میں پل کا کردار ادا کررہا ہوں، سندھ کے ساتھ ناانصافی کا تاثر ایسی کوئی بات نہیں ہے۔
گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ کے اسٹیک ہولڈرز سے بات کرنا ہوتی ہے اس لیے تاخیر ہوئی، سندھ حکومت کو تھوڑ اتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کوئی بہتر نام سامنے آتا ہے تو اس پر دوبارہ سوچا جاسکتا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان سے آئی جی سندھ کی ملاقات
ان کا کہنا تھا کہ ایک نام پر کافی اتفاق تھا پھر وزیراعظم نے مناسب نہیں سمجھا، وزیراعظم نے ہدایت کی ساتھ بیٹھ کر کسی نام پر اتفاق کی کوشش کریں، وفاق کے پاس نام ہیں اور وہ بھی بھیجےگا، وفاق کے پاس استحقاق ہے۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی چاہتےہیں آئی جی سندھ کامعاملہ فوری حل ہوجائے، وزیراعلیٰ سندھ کو فون کیا لیکن انہوں نے آئی جی کے معاملے پر بات نہیں کی، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا آئی جی کے ایشو پر بات نہیں کرنا چاہتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کو بتا دیا ہے آئی جی کے معاملے کو وفاق ہی دیکھ رہا ہے۔