کراچی: بحریہ ٹاون کی جانب سے ایدھی سینٹر کراچی کو پانچ کروڑ روپے کا امدادی چیک دے دیا گیا۔
ایدھی سینٹر میں پیش آنے والا ڈکیتی کے حالیہ واقع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملک ریاض کے داماد زین ملک کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت کر نے والوں کے ساتھ اس طرح کا واقعہ پیش آنا قابل افسوس ہے۔مشکل کی اس گھڑی میں بحریہ ٹائون عبدالستار ایدھی کے ساتھ ہے اور ان سے جتنا ہو سکا وہ ان کی مدد کرتے رہیں گے۔
اس موقع پرعبدالستار ایدھی کا کہنا تھا کہ ایدھی سینٹر کے لئے جمع ہونے والی تمام رقم غریب عوام پر خرچ کی جاتی ہے اور یہ مظلوم عوام کی امانت ہے، ان کا کہنا تھا کہ انہیں پولیس پر پورا اعتماد ہے کہ وہ اس کیس کو جلد حل کر لے گی۔
دوسری جانب ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی سے بھی رابطہ کیااور کراچی میٹھا در اید ھی سینٹر میں ڈکیتی کی مذمت کی ۔عبدالستار ایدھی سے گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ ڈکیتی میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے مسروقہ مال برآمد کیا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔