کراچی: پیپلزپارٹی کی جانب سے گزشتہ روز جناح باغ کراچی میں عوامی و سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا گیا، پیپلز پارٹی کے چئیرمن بلاول بھٹو نے اپنے سیاست کا عملی طور پر آغاز کر تے ہو ئے تقرر کے دوران عمران خان اورشریف برادران پر شدید تنقید کی، بلاول نے اسلام آباد دھرنوں کواسکرپٹ قراردے دیا۔ بلاول نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیراعظم کےآنےتک یہ اسکرپٹ ختم نہیں ہوگا۔
گزشتہ شب کراچی میں جناح باغ میں بلاول بھٹو نے جلسے کے دوران دھواں دھار تقریر کرتے ہو ئے حکمران جماعت کو آڑے ہاتھوں لیا اور وزیراعلیٰ پنجاب کو مخاطب کر تے ہو ئے کہا کہ مارتے بھی ہو اور رونے بھی نہیں دیتے۔ دوسری جانب انھوں نے ایم کیو ایم کوساتھ چلنے کی دعوت دی اور ساتھ ساتھ شدید تنقید کا نشانہ بھی بناتے رہے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ دوہزار اٹھارہ میں اگر صاف شفاف الیکشن ہو ئے تو کراچی کا ہر شہری بو کاٹا کہے گا۔
جلسے سے سابق صدرآصف زرداری نے بھی خطاب کیا اورعمران خان پر شدید تنقید کرتے ہو ئے کہا کہ اسلام آباد میں ایک مداری نے کھیل لگایا ہوا ہےاور پیپلز پارٹی جانتی ہے کہ کون ان جلسوں اور دھرنوں کو فنانس کررہا ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی جناح باغ پر ہو نے والے عوامی جلسے سے پیپلز پارٹی کے سابق وزراعظم، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور دووزراعلی نے بھی خطاب کیا۔ جلسے سے خطاب کر تے ہو ئے اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ ملتان کی ہارپر ہمیں معافی مانگنی چاہیے۔