جعفرآباد: بلوچستان کے علاقے اُستا محمد میں طوفانی برش اور ژالہ باری نے تباہی پھیلادی ہے،علاقے میں بجلی کی فراہمی کا نظام درہم برہم ہوگیاہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جعفر آباد کے شہر اُستا محمد میں 2 اپریل کو طوفانی بارش اور ژالہ باری ہوئی جو کہ کئی گھنٹے تک جاری رہی۔
طوفانی بارش کی ویڈیو دیکھنے کے لئے نیچے جائیے
بارش اور ژالہ باری نے شہر کا نظامِ زندگی درہم برہم کردیا طوفانی ہواؤں سے بجلی اور ٹیلی فون کے کھمبے اکھڑ گئے اور اسکے سبب گزشتہ 4 روز سے شہر میں بجلی کی فراہمی منقطع اور مواصلات کا نظام بھی جامد ہوکر رہ گیاہے۔
استا محمد شہر چاولوں کی صنعت کے سبب معروف ہے یہاں 90 سے زائد فیکٹریاں ہیں جنہیں طوفانی بارش نے بے پناہ متاثر کیا ہے۔
ایک رائس فیکٹری کے مالک احمد رضا ابڑو نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہرمیں 90کے لگ بھگ رائس فیکٹریاں ہیں جن کو بارش اور تیز ہواؤں نے شدید نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تیز ہواوٗں کے سبب بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے جس کے باعث گزشتہ چارروز سے بجلی کی فراہمی منقطع ہے جس کے سبب فیکٹریوں میں کام بند ہے اور پانچ ہزار سے زائد مزدوروں کے گھروں کے چولہے بجھ گئے ہیں۔
واپڈا کے ایم ایس ہزار خان نے مقامی ذرائع کوبتایا ہے کہ یہ ایک خلافِ معمول واقعہ ہے جس کی اطلاع کوئٹہ میں واقع مرکزی دفتر کو دی جاچکی ہے اور وہاں سے احکامات آنے کا انتطار ہے۔
طوفانی بارش نے جہاں شہر کی صنعت کو نقصان پہنچایا ہے وہیں شہری بھی بارش سے ہونے والے نقصانات سے محفوظ نہیں رہے کئی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے اور کئی علاقوں میں کچے مکانات کی دیواریں گرگئی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔
اُستا محمد کراچی سے 550 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔