پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں سکیورٹی امور کا جائزہ لے کر حکومتی ہدایات پر عمل کرینگے، ایشیا کپ سے دستربردار ہوئے تو کرکٹ بورڈ کی آمدنی میں خاصا فرق پڑے گا۔
دبئی میں آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے لئے روانگی کے موقع پر لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بیس جنوری کو آئی سی سی کا سکیورٹی وفد بنگلہ دیش کی صورتحال کا جائزہ لے گا، جس میں پاکستانی ماہر بھی شامل ہوگا، اس وفد کی رپورٹ سے وزارت خارجہ کو آگاہ کرنے کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک ایشیا کپ کھیلنے پر آمادہ ہیں، اگر پاکستان نے ایشیا کپ میں شرکت نہ کی تو آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے بھی مسائل کا سامنا ہوگا، جس کے لئے ہمیں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہو گا۔
قومی ٹیم کے کوچ کے حوالے سے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے دو سالہ دور میں اچھا کام کیا لیکن اب ملکی کوچ کے تقرر کا وقت آگیا ہے، میرے پاس اختیارات نہیں ہیں، اس لئے میں نے ابھی تک کوچ کے تقرر کا نہیں سوچا۔
پاک بھارت کرکٹ روابط کی بحالی کے لئے کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین شہریار خان کی کرکٹ ڈپلومیسی کی کوششوں پر انہوں نے کہا کہ حکومت کی بیک ڈور ڈپلومیسی جاری ہے، وہ کامیاب ہوگی تو کرکٹ ڈپلومیسی کامیاب ہو گی۔