گھوٹکی: عادلپور تھانے کی حدود میں بے رحم باپ نے بے روزگاری اور بیماری سے تنگ آکر پھولوں جیسی اپنی چار سالہ بیٹی حاجرہ کو قتل کردیا
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ گھوٹکی کے گاؤں رمضان کولاچی میں پیش آیا جہاں باپ نے بیٹی کو قتل کرکے لاش کو قریبی ویران جنگل میں واقع ایک کنویں میں پھینک دیا۔
واقعے کو خفیہ رکھنے کی کوشش کی گئی مگرپولیس نے بچی کی گمشدگی کی اطلاع ملنے پر معاملے کی چھان بین کرتے ہوئے واقعے کا سراغ لگا لیا۔
عادلپور پولیس کی جانب سے مقتول بچی کے باپ صادق، چچاخادم، دادا عبدالخالق سمیت تین نامعلوم ملزمان پرقتل اور واقعے کو خفیہ رکھنے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس نے مقدمے میں نامزد کردہ ملزمان میں سے مقتول بچی کے باپ صادق کولاچی کو گرفتارکرلیا ہے جس نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ بیروزگار اوربیماری کی وجہ سے اس کی بیوی اس سے روٹھ کر میکے چلی گئی ہے۔
اس نے یہ بھی بتایا کہ نہ کمانے کی صورت میں اسے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا جس سے تنگ آکر اس نے اپنی چار سالہ بیٹی کو قتل کرکے لاش کو کنویں میں پھینک دیا۔