کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جیالوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف تیر کے نشان والے امیدواروں کے لیے انتخابی مہم چلائیں کیونکہ تیر کے نشان والے ہی بھٹوازم کے حقیقی نمائندے ہیں۔
بلاول ہاوٴس میں پاکستان پیپلزپارٹی بدین کے منتخب اراکین، ضلعی عہدیداران اور مقامی رہنماوٴں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تیر کے نشان والے امیدوار ہی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے حقیقی پیروکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی سے باہر کے کچھ لوگ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور میرے پورٹریٹ استعمال کر رہے ہیں ان کا پاکستان پیپلزپارٹی اور جیالوں سے کوئی تعلق نہیں ہے اس لیے عوام پاکستان پیپلزپارٹی کے ہی نامزد کردہ امیدواروں کو ووٹ دیں۔
رہنماوٴں نے بتایا کہ بدین میں کچھ جعلسازبلدیاتی الیکشن کی انتخابی مہم میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پورٹریٹ استعمال کر کے پارٹی کے ہی امیدواروں کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔
بدین اور ٹنڈومحمد کان اضلاع کے عہدیداروں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں کے متعلق آگاہ کیا۔