جنوبی سوڈان کے سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششیں تاحال کامیاب نہ ہوسکیں، باغیوں کے حملے میں ایک جنرل مارا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی سوڈان کے متحارب گروہوں کے مابین ایتھوپیا کے دارلحکومت ادیس ابابا میں ہونے والے مذاکرات تیسرے دن میں داخل ہوگئے ہیں، تاہم فریقین اب تک جنگ بندی کے معاہدے تک نہیں پہنچ سکے۔
صدر سلوا کیر اور اپوزیشن رہنما ریک مچار نے تصدیق کی ہے کہ ادیس ابابا میں مذاکرات کار فائر بندی کے کسی سمجھوتے تک پہنچنے کی کوشش کریں گے، باغی رہنما نے مذاکرات کامیاب بنانے کے لئے ملک میں نافذ ہنگامی صورتحال اٹھانے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب جنوبی سوڈان میں باغیوں کے حملے میں ایک جنرل کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں، جنوبی سوڈان میں خانہ جنگی میں ہزار سے زائد افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔