اسلام آباد : دھاندلی کی تحقیقات کیلئےقائم جوڈیشل کمیشن نے تحریکِ انصاف کی جانب سے انتخابی حلقوں کے تھیلوں سے فارم پندرہ نکالنے کی تجویز پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
کمیشن کا ان کیمرہ اجلاس چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں ہوا، اجلاس میں الیکشن کمیشن کا تیکنیکی عملہ اورسیاسی جماعتوں کے وکلاء بھی شریک تھے۔
اجلاس میں تحریکِ انصاف کی جانب سے گزشتہ روز فارم پندرہ انتخابی تھیلوں میں سے نکالنے کی تجویز پر غور کیا گیا، کمیشن کے بند کمرے کے اجلاس میں قومی اسمبلی کے تمام حلقوں کے تھیلے کھولنے یا نہ کھولنےکےمعاملے سے متعلق تفصیلی غور و خوض کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی نےانکوائری کمیشن سے قومی اسمبلی کے تمام حلقے کھولنےکا مطالبہ کیا تھا، جوڈیشل کمیشن میں پی ٹی آئی کے وکیل عبدالحفیظ پیرزادہ نےکمیشن کے نمائندوں کی موجودگی میں ووٹوں کے تھیلے کھولنے کا مطالبہ کیا۔
جس پر کمیشن نے ماہرین کا بند کمرے میں اجلاس بدھ کو طلب کیا گیا تھا۔
تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن فارم پندرہ کے حوالے سے فیصلہ بدھ کو کرے گا، تہمینہ دولتانہ اور دیگر ن لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کچھ بھی کرلے اپنا الزام ثابت نہیں کرسکتی، کمیشن میں جمعرات کو سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد پر جرح ہوگی۔