کراچی : جیو نیوز کے پروگرام میں پاکستان کے نقشے سے کشمیر کو الگ کرنے پر حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کچھ لوگ اپنے مفادات کیلئے پاکستان کےبجائے بھارت سے وابستگی رکھتے ہیں۔
جبکہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے جیو نیوز سے اس معاملے پر فوری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کی وابستگی پاکستان کےبجائےبھارت سےہے۔
کشمیر کو پاکستان کے نقشے سے الگ کرنا سازش ہی ہوسکتی ہے وہاں کچھ ایسے لوگ ہیں جو سیکولر ذہن کے ہیں ان کے مفادات بھارت سے وابستہ ہیں۔
ذاتی اغراض کی وجہ سے وہ پاکستان کے وجودکو برداشت نہیں کرتے، جس مقصد کیلئے پاکستان وجودمیں آیا،اس سےبھی انھیں کوئی دلچسپی نہیں، کشمیر کے لوگ67سال سے ایک عذاب میں مبتلا ہیں، قابض بھارت نے ان سے سب کچھ چھین رہا ہے، ان لوگوں کو کشمیریوں سےکوئی محبت یا وابستگی نہیں ہے۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اس معاملے پر جیو نیوز سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مجھے شدید دکھ پہنچا ہے یقیناً دیگر پاکستانیوں کو بھی دکھ ہوا ہوگا، کشمیریوں کےحق خودارادیت کیلئے اقوام متحدہ میں قرارداد موجود ہے اس قرارداد کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں لاکھوں کشمیریوں کا خون شامل ہے، جیونیوز اپنے اس عمل کی فوری معافی مانگے یہ ایک نہایت ہی افسوس کی بات ہے۔