اسلام آباد: امیر جماعت الدعوۃ حافظ سعید نے کہا ہے کہ حکومت نے سعودی عرب اور یمن کے معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کر دی ہے، اس معاملہ پر ہونےوالا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ان کیمرہ ہونا چاہیے تھا، حکومت عالم اسلام میں اتحادی کیفیت قائم کرے اور او آئی سی کا اجلاس بلایا جانا چاہیے۔
تحفظ حرمین شریفین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہا کہ 15اپریل سے سعودی عرب کے حق میں عوامی رابطہ مہم شروع کی جا رہی ہے، 15اپریل گوجرانوالہ، 16اپریل لاہور، 17اپریل فیصل آباد، 18اپریل ایبٹ آباد جبکہ 19اپریل کو پشاور میں سعودی عرب کے حق میں مظاہرے کیے جائیں گے اور پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد دوسرے مرحلے کا اعلان کیا جائے گا۔
تحفظ حرمین شریفین کانفرنس میں جمیعت مشائخ پاکستان کے صدر پیر سیف اللہ ، جماعت اسلامی کے ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، جمیعت علما اسلام کے مولانا سیف الدین سیف اور ابتسام الہی ظہیر نے شرکت کی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ اگر سعودی حکومت کسی بھی طرح کی مدد طلب کر ے وہ چاہے فوج یا ہتھیارہوں ایسی صورتحال میں پاکستان حکومت ہر طرح سے سعودی عرب کی مدد کرےاور یمن میں حوثی باغیوں نے جس منتخب حکومت کا تخٹہ الٹا اسے بحال کرایا جائے۔