حیدرآباد: نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے معاون غازی صلاح الدین کے بھائی اور شہر کے معروف تاجر ضیاء الدین کو قتل کردیا۔
ٹارگٹ کلنگ کا یہ واقعہ حیدرآباد کے علاقے برکت بھائی ٹائون میں پیش آیا، واقعہ کے بعد لاشوں کو سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایم کیو ایم کے رہنماء، اراکین اسمبلی اور ایم کیو ایم کے کارکنان کثیر تعداد میں اسپتال پہنچ گئے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کو پانچ گولیاں لگی ہیں اور یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے،۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے مقتول ضیاء الدین کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب ایم کیوا یم کے قائدالطاف حسین نے حیدرآباد میں رابطہ کمیٹی کے معاون رکن غازی صلاح الدین کے بھائی ضیاء الدین کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کی ہے، الطاف حسین نے کہا کہ غازی صلاح الدین کے چھوٹے بھائی ضیاء الدین ایک غیرسیاسی شخصیت تھے، انہیں بے دردی سے شہید کیا گیا، ایسا لگتا ہے ضیاء الدین کی ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے دراصل غازی صلاح الدین اور ان جیسے دیگرسندھی دانشوروں، ادیبوں، کالم نگاروں اور ایم کیوایم کے کارکنوں کو دھمکانے کی کوشش کی گئی ہے۔
الطاف حسین نے کہا کہ ضیاء الدین کا قتل انہی عناصر کی کارروائی لگتی ہے، جو سندھ میں نفرت کی آگ بھڑکانا چاہتے ہیں، انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی دورِ حکومت میں سندھ میں کہیں بھی سیاسی کارکنوں اور عوام کی جان ومال محفوظ نہیں ہے، حکومت سندھ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے ۔