روس نے اگلے ماہ ہونے والی روس ترکی سربراہ اجلاس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔روس نے ترکی کو بھاری اقتصادی پابندیوں کے حوالے سے بھی خبردار کیا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق کریملن نے فیصلہ کیا ہے کہ دسمبر میں ہونے والا روس ترکی سربراہ اجلاس منسوخ کردیا جائے، پندرہ دسمبر کو روس کے دوسرے بڑے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں روس ترکی بین حکومتی کمیشن کا اجلاس اور دونوں ممالک کے سربراہوں کی ملاقات ہونا تھی۔
روس کی جانب سے ترکی کے ساتھ اقتصادی معاہدوں اور ایٹمی توانائی میں تعاون کے معاہدے بھی منجمد کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے، جرمنی کے بعد ترکی روس کا سب سے اہم تجارتی شراکت دار ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا اثر انقرہ پر بہت زیادہ ہو گا لیکن کریملن بھی اس سے بچ نہیں سکے گا۔ادہر روس اور ترکی میں ایک دوسرے کی مخالفت میں مظاہرے جاری ہیں، روس اور ترکی کے تعلقات میں ترکی کی جانب سے روسی فضائیہ کا طیارہ مار گرانے کے بعد سے کشیدگی پائی جاتی ہے۔