پالی کیلے : سری لنکا نے پاکستانی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے ہرا دیا، سری لنکا کے کوشل پریرا نے شاندار 68 رنز اسکور کئے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکن فیلڈرز کی مہربانی کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو دوسرا میچ جیتنے کیلئے دو سو اٹھاسی رنز کا ہدف دیا تھا۔
جواب میں سری لنکا کی ٹیم نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ پریرا کی دھواں دھار ففٹی نے میچ کا نقشہ بدل دیاتھا، چندی مل 48 رنز پر ناٹ آؤٹ جبکہ دلشان نے نمایاں 47 رنز بنائے ۔
پاکستان کی جانب سے راحت علی نے تین محمد حفیظ نے دو اور انور علی اور عرفان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پانچ میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔ پالی کیلے کا میدان لنکن ٹائیگرز کے نام رہا۔ دوسرے ون ڈے میں سری لنکا نے پاکستان کا دو سو اٹھاسی رنز کا ہدف آٹھ وکٹوں پر حاصل کرکے سیریز میں کم بیک کرلیا۔
اظہرعلی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز نے انسٹھ رنز کا اچھا آغاز دیا۔ اظہرعلی نے اناسی اور شعیب ملک نے برق رفتار اکاون رنز بنائے۔
محمد رضوان نےدھواں دھار نصف سنچری نے پاکستان کے اسکور کو دو سو ستاسی تک پہنچایا۔ ہدف کے تعاقب میں کوشال پریرانے سفید گیند کو مار مار کر لال کردیا۔
پریرا نے ون ڈے کی دوسری تیزترین نصف سنچری کا ریکارڈ برابر کرتے ہوئےبولنگ لائن کی دھجیاں اڑادیں۔ ایک سو چالیس رنز پر سری لنکا کا ایک کھلاڑی آؤٹ تھا۔
اس موقع پر زخمی شاہینوں نے فائٹ بیک کیا اور یکے بعد دیگرے پانچ بلےبازوں کو پویلین بھیج کر میچ میں جان ڈال دی۔ دنیش چندی مل نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر سری لنکا کو سیریز میں پہلی جیت دلائی۔