کراچی : پی آئی اے نے سابق وزیرِداخلہ رحمان ملک اور رکن اسمبلی رمیش کمار کو پرواز سے آف لوڈ کرنے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ غفلت کے مرتکب دو ملازمین کو معطل کردیا گیا ہے، دوسری جانب وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی نے واقعےکی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق کراچی سے شام سات بجے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے تین سوستر فنی خرابی کے باعث ڈھائی گھنٹے تاخیرکا شکارہوگئی تھی، پرواز میں تاخیر کی اطلاع مسافروں کو ایس ایم ایس کے ذریعے دے دی گئی تھی۔
پی آئی اے ٹریفک کا عملہ رحمان ملک کو تاخیر سے وی آئی پی لاؤنج سے طیارے میں لے کرگیا، جس سے مسافروں میں اشتعال پھیل گیا اور انہوں نے تاخیرکا ذمہ دار رحمان ملک کو ٹھہراتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پروازمیں تاخیرانجینرئنگ کے عملے کی غلفت کی وجہ سے ہوئی، جی ایم ٹریفک عامربشیرنے اے آروائی نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پارلیمنٹرینز کو ہمیشہ آخری وقت پر بورڈنگ جاری کی جاتی ہے، رحمان ملک اوررمیش کمار دئیے گئے وقت پر پہنچ گئے تھے۔
طیارہ تاخیر سے کراچی پہنچا تھا، جس کی وجہ سے واقعہ پیش آیا، ٹریفک عملے کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اورٹرمینل مینجرشہزاد علی اورسینئرشفٹ انچارج ندیم ابڑو کومعطل کردیا گیا ہے۔