کراچی: ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کاکہنا ہے کہ سانحہ بارہ مئی ایم کیو ایم کے خلاف پروپیگنڈہ، ایم کیو ایم کی مقبولیت کو ختم کرنے اور قومی پرواز کو روکنے کی سازش تھا۔
نائن زیرو پر سانحہ بارہ مئی کے شہداء کے ایصال ثواب اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے دعائیہ اجتماع کا اہتمام کیا گیا ، دعائیہ اجتماع میں سانحہ بارہ مئی کے حوالے سے ایم کیو ایم کی جانب سے تیار کردہ ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔
میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر فاروق ستار کاکہنا تھا کہ سانحہ بارہ قومی سانحہ اور ملک کیلئے ناقابل تلافی نقصان ثابت ہوا، بارہ مئی میں سب سے ذیادہ متاثرہ جماعت ایم کیو ایم ہے، ان کاکہنا تھا کہ سانحہ کے روز ایم کیو ایم کے 14 کارکنان شہید ہوئے لیکن بارہ مئی پر واویلا کرنے والی دوسری جماعتیں اپنے شہداء کے نام آج تک جاری نہیں کرسکی ہیں۔
ذوالفقار مرزا کے بیان پر ڈاکٹر فاروق ستار کاکہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو بارہ مئی کا ذمہ دار ٹھہرانے والا ذوالفقار مرزا کابیان غیر ذمہ دارانہ ہے ، آخر کار کیوں بارہ مئی جڈیشل انکوائری کی رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی جاتی ، انہوں نے ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ بدین کے فارم ہاؤس میں ریاست کے اندر ریاست جو قائم ہے اس کے خلاف ایکشن کیوں نہیں لیا جاتا ۔