حیدر آباد: پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں ایک شخص نے خود کوآگ لگا کرخودسوزی کرنے کی کوشش کی۔
حیدرآباد میں پیپلز پارٹی کے ناراض جیالے نے احتجاجاً خود کو آگ لگالی،متاثرہ کارکن کے ساتھیوں نے آگ بجھاکر زخمی کارکن کو اسپتال منتقل کیا۔
پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنان نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی کے موقع پر پی پی رہنماء غلام رسول کلہوڑو کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، دوران احتجاج عزیز نامی ایک ناراض جیالے نے پیٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگالی جس کے بعد قریبی کھڑے افراد نے آگ بجھائی۔
کارکنان نے اس موقع پرنوکریوں اوردیگر معاملات پرنظراندازکئے جانے کے خلاف شدید نعرے بازی کی، پیپلز پارٹی کے کارکنان کا کہنا تھا کہ لطیف آباد میں پی ایس 49کے صدر غلام رسول کلہوڑو اور دیگر رہنماء نوکریوں کے حصول اور دیگر معاملات پر پارٹی کے نظریاتی کارکنان کو مکمل نظر انداز کررہے ہیں اور پارٹی کی جانب سے ملنے والی نوکریاں من پسند افراد میں تقسیم کررہے ہیں۔