ممبئی: مایہ ناز بھارتی اداکار سلمان خان کو ممبئی دھماکوں کے الزام میں سزا یافتہ یعقوب میمن کی حمایت کرنا مہنگا پڑگیا۔ سخت تنقید کا سامنا کرنے پرانہوں نے اپنے موقف کی صفائی بھی پیش کی اور پرانے ٹویٹس بھی ڈیلیٹ کئے۔
انہوں مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ پر لکھا کہ ’’میں نے کہا تھا کہ ٹائیگر میمن کو اس کے جرائم کی سزا ملنی چاہئے اور میں آج بھی یہی کہہ رہا ہوں۔ میں یہ کہنا چاہتا تھا کہ یعقوب میمن کو ٹائیگر کے گناہوں کے سزا نہ دی جائے اس کا مطلب یہ نہیں کہ یعقوب معصوم ہے۔ مجھے اپنے ملک کے انصاف کے نظام پر مکمل اعتماد ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’’ممبئی دھماکوں میں بے شمار جانوں کا ضیاع ہوا اورمیں کئی بار کہہ چکا ہوں کہ ایک بے گناہ کی جان کا نقصان پوری انسانیت کا نقصان ہے۔ میرے والد نے مجھے فون کرکے کہا ہے کہ مجھے اپنے ٹویٹس ڈیلیٹ کرنے چاہئیے کیونکہ ان سے غلط فہمی پیدا ہونے کا اندیشہ ہے‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’ میں اپنے مداحوں سے اس غلظ فہمی کی غیر مشروط معافی مانگتا ہوں اور ساتھ ساتھ ان عناصر کی بھی مذمت کرتا ہوں جو کہ میرے ٹویٹس کو مذہب کے مخالف قرار دے رہے ہیں۔ میں نے ہمیشہ تمام مذاہب کا احترام کیا ہے اور کرتا رہوں گا‘‘۔
واضح رہے کہ سلمان خان نے گزشتہ روز اپنے ٹویٹس میں ٹائیگر میمن کو بری طرح لتاڑا تھا اور پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف سے بھی ٹائیگر کی پاکستان میں موجودگی سے متعلق افواہوں کے بارے میں استسفار کیا تھا۔
دوسری جانب یعقوب میمن ایک چارٹرڈ اکاوئنٹنٹ ہے اور میمن خاندان کا واحد تعلیم یافتہ فرد ہے اور اسے ممبئی دھماکوں میں مجرموں کو گاڑیاں خریدنے کے لئے رقم مہیا کرنے اور ان میں سے کچھ کے لئے دبئی کے ٹکٹس مہیا کرنے کے الزام میں 30جولائی 2015 کو سزائے موت دی جارہی ہے۔
دریں اثنا یعقوب میمن طویل عرصے سے کہتا چلا آرہاہے کہ دہشت گردوں کی معاونت اور منصوبہ بندی سے لے کر دھماکوں کے اثر پذیر ہونے تک وہ کہیں بھی براہ راست ملوث نہیں ہے۔