کراچی : سندھ رینجرز کے اختیارات میں ایک ماہ کی توسیع کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے رینجرز کے اختیارات میں صرف ایک ماہ کی مشروط توسیع کردی ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں رینجرز کے نوٹی فکیشن پر مشاورت کافی دیر جاری رہی، وزیراعلیٰ سندھ نے گورنر سندھ عشرت العباد کو ٹیلی فون کرکے ان سے مشاورت کی۔
رینجرز کے اختیارات اور قیام میں توسیع سندھ اسمبلی کی منظوری سے مشروط ہے،رینجرز کے اختیارات میں توسیع میں تجدید سندھ اسمبلی سے آرٹیکل 147کے تحت لی جائے گی۔
رینجرز کواغواء بھتہ خوری اور دیگر جرائم کیخلاف ایکشن کا اختیار دیا گیا ہے، چھاپے گرفتاریاں اور تحقیقات کا اختیار بھی حاصل ہوگا، رینجرز کو اختیارات سیکشن 5 کے تحت دیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔
سابق صدر نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انھیں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی ہدایت کی تھی۔
آصف علی زرداری کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ سول اور ملٹری تعلقات ملک اور قوم کے مفادات میں ہیں جن کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کا کردار قابل تحسین ہے۔