اسلام آباد: آرٹیکل چھ کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم شریک ملزمان کو طلب کئے جانے پردلائل مکمل کر لئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کسی جرم میں معاونت کرنے والے برابر کے مجرم ہوتے ہے۔
آرٹیکل چھ کیس کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ، فروغ نسیم نے تین رکنی بینچ کے روبرو دوسرے روز بھی شریک ملزمان سے متعلق دلائل جاری رکھے۔
انھوں نے کہا کہ تمام شریک ملزمان کا ٹرائل بیک وقت ہونا ضروری ہوتا ہے، کیس بنائے جانے اور تفیش کرنے کےلیے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دئیے جانا مناسب نہیں، سپریم کورٹ نے مشرف کیخلاف کیس بنانے کا حکم نہیں دیا تھا۔
آرٹیکل چھ کے تحت مقدمہ بنتا ہے یا نہیں اسکا فیصلہ یہی عدالت کرے گی، سپریم کورٹ کے فیصلے پر بنائے جانے والا یہ مقدمہ خارج کیے جانے کے قابل ہے۔
فروغ نسیم کے دلائل مکمل ہونے پر سماعت اکیس اکتوبر تک ملتوی کردی گئی اسی روز پراسیکیوٹر اکرم شیخ جوابی دلائل دیں گے۔