سکھر: پانچ دہشت گردوں کو کل انجام تک پہنچانے کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، سکھرمیں قید کالعدم تنظیم کے تین مجرموں جبکہ فیصل آباد میں قید مشرف حملہ کیس کے دو مجرموں کو کل تختہ دار پر لٹکائے جانے کا امکان ہے۔
ملک میں سزا یافتہ قیدیوں کو پھانسی پر لٹکائے جانے کا سسلسلہ جاری ہے، سکھر جیل میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے تین مُجرموں خلیل احمد،شاہد حنیف اور محمد طلحہ اور فیصل آباد میں پرویز مشرف حملہ کیس کے دومجرموں نوازش اور مشتاق کو کل پھانسی دیئے جانے کا امکان ہے۔
جیل حُکام کے مطابق پانچوں مجرموں کی آخری ملاقا تیں کرادی گئیں ہیں، اس سلسلے میں جیل سپریڈنٹ شاہد علی چھجڑو نے بتایا کہ سیکورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیئے گئے ہیں۔
دوسری جانب تینوں مجرموں کے ورثاء نے پھانسی رکوانے کے لئے سپر یم کورٹ میں درخواست دائر کر وا دی ہے۔
واضح رہے کہ شاہد حنیف، محمد طلحہ اور خلیل احمد کو 2001 میں محکمہ دفاع کے ڈائریکٹر سید مظفرحسین شاہ کے قتل جبکہ مشتاق احمد اور نوازش علی کو پرویز مشرف حملہ کیس اور مہران ایئر بیس حملے میں پھانسی کی سزا دی گئی ہے۔
یاد رہے سینٹرل جیل سکھر میں کلعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے تین مجرموں خلیل احمد ،محمد طلحہ اور شاہد حنیف کو کراچی کی خصوصی عدالت نے 13جنوری کو پھانسی دینے کے لیئے ڈیتھ وارنٹ جاری کیئے تھے، جن کو کل تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔