سیالکوٹ : بھارتی جنگی جنون اور اشتعال انگیز ی نے سرحد پر کشیدگی بڑھا دی، بھارت کی جانب سے عید الفطر سے چند روز قبل ایک بار پھر ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول کی سول آبادی کا بلاشتعال فائرنگ کرکے نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت چار افراد شہید ہوگئے ہیں۔
سیالکوٹ چپراڑ سیکٹر اور راولا کوٹ نیزہ پیر سیکٹر پر بی ایس ایف کی بلااشتعال فائرنگ سے خاتون سمیت چار افراد شہید اور تین زخمی ہوگئے۔
بھارتی فوج سرحد پر دہشتگردی کرنے سے باز نہ آئی، بھارتی فورسز کی سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے، سیالکوٹ میں ورکنگ باونڈری چپراڑ سیکٹر پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری نے ایک بار پھر سرحد پر کشیدگی بڑھا دی، بھارتی فوج نے صالح پور سمیت کئی دیہاتوں کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے ایک ترجمان کے مطابق بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز ( بی ایس ایف ) کی جانب سے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری کے قریب دو پاکستانی دیہاتوں مالنا اور صالح پور کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ، جس کے نتیجے میں تین شہری غلا م مصطفےٰ ، راحت اور بوٹا شہید ہوگئے جبکہ پانچ شہری زخمی بھی ہوئے۔
ترجمان کے مطابق لائن آف کنٹرول پر راولاکوٹ کے قریب نیزہ پیر سیکٹر پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں اٹھارہ سالہ زرینہ بی بی شہید ہوگئی ، ورکنگ باؤنڈری پر پاکستان رینجرز اور لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزی کا مؤثر جواب دیا گیا ہے اور بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔