کراچی : وزیرِبلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے گھوسٹ ملازمین کو دو دن میں عوام کے سامنے لانے کا اعلان کردیا ہے، انکا کہنا ہے کہ کرپشن میں ملوث ناظمین اور افسران کے کیس اینٹی کرپشن کے حوالے کیے جائینگے۔
گھوسٹ ملازمین کیخلاف شرجیل انعام میمن نے حکمت عملی تیار کرلی ہے، وزیرِبلدیات نے گھوسٹ ملازمین کو عوام کے سامنے لانے کا دو ٹوک اعلان کر دیا، ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیات کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
جس کے مطابق بلدیات کے تمام ملازمین کو یکم جولائی سے سندھ بینک سے تنخواہیں ادا کی جائیں گی اور سندھ بینک میں اکاؤنٹ نہ کھلوانے والے ملازمین کو شو کاز نوٹس دے کرملازمت سے فارغ کردیا جائے گا۔
اجلاس میں کرپشن میں ملوث ناظمین اور افسران کے کیس اینٹی کرپشن کے حوالے کیے جانے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ تمام رفاہی پلاٹس اور چائنہ کٹنگ کرنے والے مافیا کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔