ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہید چوہدری اسلم کے بیٹوں کو پولیس میں پیشگی ملازمت اور شہید گن مین کے ورثا کو پچاس پچاس لاکھ روپے ادا کئے جائیں۔
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے وزیراعلی سندھ جن کے پاس وزارت دا خلہ کا قلمدان بھی ہے، ان سے مطالبہ کیا ہے کہ چوہدری اسلم شہید کی بے پناہ قربانیوں اور انکی کی بہادر بیوہ کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے شہید کے دونوں بیٹوں کومحکمہ پولیس میں پیشگی ملازمت دینے کا اعلان کیا جائے۔
رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ چوہدری اسلم کے شہید گن مین اورڈرائیور کے لواحقین کو بیس، بیس لاکھ روپے کے بجائے پچاس لاکھ فی کس ادا کئے جا ئیں دونوں شہیدوں کے گھر کے ایک فرد کو پولیس میں ملازمت دی جائے۔
رابطہ کمیٹی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریٹائرڈ ججوں پر مشتمل ایک غیر جانبدار کمیشن قائم کیا جائے، جو واقعے کی تحقیقات کرے اور اس تحقیقات سے عوام کو بھی آگاہ کیا جائے، رابطہ کمیٹی نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جن پولیس افسران کی تنزلی کی گئی ہے، انہیں فی الفور ان کے عہدوں پر بحال کیا جائے۔
دہشت گردوں اورجرائم پیشہ عناصرسے موٴثراندازمیں نمٹنے کیلئے محکمہ پولیس کے افسران اورسپاہیوں کوجدید اسلحہ، گاڑیوں ،بلٹ پروف جیکٹس اوردیگرحربی سازوسامان سے لیس اور ان کی تنخواہوں میں فی الفور پچاس فیصد اضافہ کیا جائے۔