اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نےکہا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ سرکاری ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کرتی ہیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ این اے ایک سو پچیس کا فیصلہ فرمائشی ہے۔ تیس اپریل کے بجائے چار مئی کو کیوں سنایا گیا۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کیا، رکن قومی اسمبلی طلال چودھری نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ تحریک انصاف والے ہم پر موروثی سیاست کا الزام لگاتے ہیں جبکہ ریحام خان خیبر پختونخوا میں ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کر رہی ہیں یہ موروثی سیاست نہیں تو اور کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ ”آنٹی “شیریں مزاری ہمیں آئین و قانون کا سبق سکھاتی ہیں یہ سننا ہی تھا کہ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سیخ پا ہوگئے اور شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آﺅٹ کر گئے۔
پی ٹی آئی ارکان نے واک آؤٹ کیا تو پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے بھی ساتھ دیا۔ خیبرپختونخوا حکومت نے طلال چوہدری کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے الزامات کو جھوٹا قرار دے دیا۔
صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے عمران خان کی اہلیہ نے کبھی سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا۔ سوشل میڈیا پر تصویرصوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر کی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلال چوہدری کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔