کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ بلدیاتی انتخابات کروانے کو تیار ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کو تیار ہے، لیکن ہم چاروں صوبوں میں ایک جیسا بلدیاتی نظام چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اب یہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قدم بڑھائے، سندھ حکومت مناسب نوٹس پر بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے تیار ہے۔
قومی مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے دورے پر آئے افسران کو بتایا کہ سندھ پہلا صوبہ ہے جس نے بلدیاتی نظام کے حوالے سے قانون سازی کی عدالت میں بھی یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ سندھ بلدیاتی انتخابات کرانے کو بلکل تیار ہے اور اس حوالے سے حلقہ بندی بھی کرائی گئی، لیکن کسی نے اس معاملے کو عدالت میں چلینج کردیا جوکہ آج تک کورٹ میں زیرالتواہے، انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں ایک جیسا بلدیاتی نظام چاہتے ہیں اور اس حوالے سے وفاقی حکومت ضروری اقدامات اٹھانے کی مجاز ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 2010اور 2011میں بڑے پیمانے سیلاب اور برسات جیسی قدرتی آفات سے سامنا کرنا پڑا اور ہمیں مجبوراً ترقیاتی فنڈزکے بڑے حصے کو بحالی کے کاموں پر خرچ کرنا پڑا،انہوں نے کہا کہ 2010کے سیلاب کے دوراں ہم نے 70لاکھ سیلاب زدگان جبکہ 2011کی بارشوں میں 90لاکھ متاثرین کی مدد کی اور ان کی دوبارہ بحالی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے سال ہم تھرپارکر کے علاقے میں قحط سے نبردآزما ہوئے اور اب تک ہم قحط زدہ علاقوں میں مفت گندم تقسیم کر رہے ہیں اور صرف رواں سال میں بھی 1.2ارب روپے کی گندم مفت تقسیم کی ہے، انہوں نے کہاکہ ان قدرتی آفات کے باوجود سندھ حکومت کی کارکردگی بہتر رہی ہے اور پچھلے مالی سال میں ہم نے 627 ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں۔