راولپنڈی :ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ ضربِ عضب اب صرف فوجی نہیں بلکہ قومی آپریشن بن گیا ہے، فوجی عدالتوں کا قیام عظیم ترجمہوریت کی جانب ایک قدم ہے۔
پندرہ جون دوہزار چودہ سے جاری آپریشن ضربِ عضب دہشت گردی کے خاتمے کا آغاز ہے۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم نے غیرملکی خبررساں ایجنسی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ ضربِ عضب اب قومی آپریشن کی شکل اختیار کر گیا ہے، آپریشن کے دوران قبائلی علاقہ جات سے باہر پاکستان کے دیگرعلاقوں میں کارروائیوں کرکے چارہزار افراد گرفتار کئے،
سانحے پشاور سے متعلق انکا کہنا ہے کہ پشاور آرمی پبلک ا سکول حملے کے بعد کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔
میجر جنرل باجوہ نے کہا کہ شدت پسند تنظیموں کی قیادت کا ملک چھوڑ کر افغانستان بھاگ جانا ضربِ عضب کے کارگر ہونے کی دلیل ہے، پشاور حملہ دہشتگردوں کا ردِعمل ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب شدت پسندی کے خاتمے کے ساتھ مکمل ہوجائے گا،عاصم باجوہ نے کہا کہ فوجی عدالتوں کا قیام عظیم تر جمہوریت کی جانب ایک قدم ہے، جس کا فیصلہ ملک کی سیاسی جماعتوں نے پاکستان کے مفاد میں کیا ہے۔