اسلام آباد: ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان کی سعودی عرب میں ملاقات کا امکان ہے، جس میں موجودہ حالات میں حکومت مخالف تحریک کے دوسرے دور کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری پیر کے روز سے مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اپنی نئی دلہن ریحام خان کے ہمراہ آج عمرہ کے لئے روانہ ہورہے ہیں۔ جہا ں دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات کا قوی امکان ہے۔
ملاقات میں موجودہ حالات میں پیٹرول، لوڈ شیڈنگ اور گیس کے بحران اور انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نہ دینے کے تناظر میں عمران خان اور طاہرالقادری کے درمیان حکومت مخالف تحریک کے لئے تبادلہ خیال ہوسکتا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نوراللہ صدیقی نے عمران خان سے طاہرالقادری کی کسی طے شدہ ملاقات کی تردید کرتے ہوئے اس کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔
واضح رہے اس سے قبل جب دونوں پارٹیوں نے حکومت مخالف دھرنوں کا آغازکیا تھا تو حکومتی حلقوں کی طرف سے ان کی لندن میں ہونے والے ملاقات کا تذکرہ کیا جاتا تھا، یہ بھی یاد رہے کہ ابتدائی تردید کے بعد دونوں قائدین نے لندن میں ہونے والی ملاقات کی حقیقت کی بھی تسلیم کر لی تھی۔