کراچی : نائن زیرو سے گرفتار عبید کے ٹو کو گواہ نے فہیم فاروقی کے قتل کیس میں شناخت کر لیا۔
نائن زیرو سے گرفتار ایم کیوایم کے کارکن عبید کے ٹو کو شناختی پریڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا گیا، گواہ نے ڈمی افراد کے درمیان عبید کے ٹو کو شناخت کرلیا۔
عبید کے ٹو کو ٹا رگٹ کلنگ کے تیسرے مقدے میں شناخت کیا گیا ہے، اس سے پہلے اے ایس آئی شہباز اور پولیس اہلکار عامر مختار کےقتل میں گواہ عبید کے ٹو کو شناخت کرچکے ہیں۔
گزشتہ روز نائن زیرو سے گرفتار عبید کے ٹو سمیت چار ملزمان کی تفتیشی رپورٹ انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش کی گئی تھی۔
انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں ملزم عبید عرف کے ٹو کی تفتیشی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزم نے جیلر امان اللہ کا قتل صولت مرزا کو سہولتیں نہ دینے پرکیا اور اسی قتل کے مقدمے میں اشتہاری تھا، ملزم سعید برہم کے جیل سے رہا ہونے کے بعد قتل کی منصوبہ بندی کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جس کیلئے لیاقت آباد کے اسکول اور ابسرا اپارٹمنٹ میں میٹنگ ہوئی، پندرہ جون دوہزار چھ کو جیلر امان اللہ کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، ملزم نے انیس سو ستانوے سے لے کر گرفتاری تک اہلکاروں کے قتل کا بھی اعتراف کیا۔
عبید کے ٹو نے مہاجر قومی موومنٹ کے کارکنوں کو بھی قتل کیا۔