اسلام آباد : عمران خان نے ایبٹ آباد سمیت تمام جلسے منسوخ کردیئے، منسوخی کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے نوٹس پرکیا گیاہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایبٹ آباد میں ہونے والا جلسہ منسوخ کردیا،الیکشن کمیشن نے جلسہ کرنے پر اکیس مئی کو طلب کررکھا ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان نے ایم این ایز ،ایم پی ایز اوروزیر اعلیٰ کے پی کے کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پرعمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
عمران خان کوانیس سے چھبیس مئی تک مختلف مقامات پر بارہ جلسے کرناتھے، جو تمام منسوخ کردیئے گئے ہیں، جلسوں کی منسوخی کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے نوٹس پرکیا گیا ہے۔
عمران خان نے الیکشن کمیشن سے ن لیگ کیخلاف ایکشن لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ن لیگ گلگت میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہی ہے۔
علاوہ ازیں انتخابی ضابطہ اخلا ق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
عمران خان سے کہا گیا ہے کہ وہ اکیس مئی کو الیکشن کمیشن کے سامنے ذاتی طور پر پیش ہوں۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق عمران خان کی طرف سے خیبرپختون خوا میں جلسوں کے شیڈول جاری کرنے اور اس حوالے سے ان کے بیانات پر نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔
کمیشن نے کے پی کے کے دو صوبائی وزرا مشتاق غنی اور حبیب الرحمان کو بھی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کئے ہیں۔ دونوں وزرا کو پچیس مئی کو طلب کیا گیا ہے۔